انقرہ،31/جنوری (آئی این ایس انڈیا) شام کے شمالی شہرعفرین میں ہفتے کے روز کار بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے ہیں۔
ترکی کی وزارت دفاع نے اطلاع دی ہے کہ کار بم حملے میں عفرین کے وسط میں واقع ایک صنعتی مقام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس نے شامی کرد ملیشیا وائی پی جی پر اس بم دھماکے کا الزام عاید کیا ہے۔
عفرین سے تعلق رکھنے والے مقامی شہری دفاع نے اطلاع دی ہے کہ بم دھماکے میں چھے افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان میں کم سن بچے بھی شامل ہیں۔
وائی پی جی نے اس بم حملے سے متعلق فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ترکی اس شامی کرد ملیشیا کو دہشت گرد گروپ قرار دیتا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ اس کے ترکی کے جنوب مشرقی علاقوں میں سکیورٹی فورسز سے برسرپیکار کالعدم جنگجو گروپ کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) سے تعلقات ہیں۔
ترکی کی فوج نے اس شامی کردملیشیا کو اپنی سرحدوں سے پیچھے دھکیلنے کےلیے شام میں دراندازی کی تھی۔اس کے حمایت یافتہ شامی حزب اختلاف کے مسلح گروپوں نے بہت سے سرحدی علاقے کردملیشیا کے کنٹرول سے واپس لے لیے ہیں۔اس وقت ان پر شامی حزب اختلاف کا کنٹرول ہے اور سیکڑوں ترک فوجی ان کی مدد کے لیے وہاں تعینات ہیں۔